پنجاب کے نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کا شیڈول جاری، ایم بی بی ایس کے لیے درخواستیں 23 اکتوبر سے شروع ہوں گی
پنجاب کے نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کا شیڈول جاری، ایم بی بی ایس کے لیے درخواستیں 23 اکتوبر سے شروع ہوں گی
لاہور: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے پنجاب کے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے شیڈول جاری کردیا ہے۔ داخلے حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت مرکزی نظام کے ذریعے کیے جائیں گے، جس کے تحت امیدواروں کی درخواستوں اور میرٹ کی بنیاد پر سلیکشن کا عمل مکمل ہوگا۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق نجی میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس پروگرام کے لیے آن لائن درخواستیں 23 اکتوبر سے جمع کرائی جاسکیں گی، جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 6 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ امیدواروں کی پہلی سلیکشن لسٹ 18 نومبر کو جاری کی جائے گی۔
اسی طرح نجی ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس پروگرام کے لیے آن لائن درخواستوں کا آغاز 18 دسمبر سے ہوگا۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ یکم جنوری 2027 مقرر کی گئی ہے، جبکہ داخلوں کے لیے پہلی سلیکشن لسٹ 13 جنوری 2027 کو جاری کی جائے گی۔
یو ایچ ایس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے 34 نجی میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی مجموعی طور پر 4,500 نشستیں مختص ہیں، جبکہ 18 نجی ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 1,100 نشستیں دستیاب ہیں۔
داخلوں کے لیے پاکستان کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور اوورسیز پاکستانی بھی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔ امیدواروں کو مقررہ تاریخوں کے اندر آن لائن درخواستیں جمع کرانے اور داخلہ پالیسی میں طے کردہ شرائط پوری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
