کرکٹ کی دنیا میں انقلاب، لڑکوں اور لڑکیوں کا مشترکہ ٹی ٹونٹی ٹیسٹ، پہلا ٹورنامنٹ 14 سے 29 نومبر تک سری لنکا میں ہوگا
*کرکٹ کی دنیا میں انقلاب، لڑکوں اور لڑکیوں کا مشترکہ ٹی ٹونٹی ٹیسٹ، پہلا ٹورنامنٹ 14 سے 29 نومبر تک سری لنکا میں ہوگا*
کولمبو: کرکٹ کی دنیا میں ایک منفرد فارمیٹ ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ متعارف کرانے کی تیاری ہے، جس میں لڑکے اور لڑکیاں الگ الگ اننگز کھیلیں گے، تاہم دونوں کی کارکردگی کو یکجا کرکے ٹیم کا مجموعی اسکور مرتب کیا جائے گا۔ اس نئے فارمیٹ کے پہلے ٹورنامنٹ کا انعقاد 14 سے 29 نومبر 2026 تک سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں 13 سے 21 سال کی عمر کے 160 نوجوان کرکٹرز حصہ لیں گے، جنہیں چار براعظمی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر ٹیم میں 20 لڑکے اور 20 لڑکیاں شامل ہوں گے۔ اس فارمیٹ کی خاص بات یہ ہے کہ لڑکے اپنے مدمقابل لڑکوں اور لڑکیاں دوسری ٹیم کی لڑکیوں کے خلاف کھیلیں گی، لیکن کسی ایک گروپ کی کارکردگی پر میچ کا فیصلہ نہیں ہوگا بلکہ دونوں کے مشترکہ اسکور کی بنیاد پر فاتح ٹیم کا تعین کیا جائے گا۔
نئے فارمیٹ میں ہر میچ 80 اوورز پر مشتمل ہوگا۔ پہلے 40 اوورز دن کے وقت سرخ گیند اور روایتی سفید لباس میں کھیلے جائیں گے، جبکہ باقی 40 اوورز فلڈ لائٹس میں سفید گیند اور رنگین لباس کے ساتھ ہوں گے۔ اس طرح ایک ہی مقابلے میں کرکٹ کے دو مختلف انداز دیکھنے کو ملیں گے۔
ٹورنامنٹ کے مشاورتی بورڈ میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز، آسٹریلیا کے سابق اوپنر میتھیو ہیڈن اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان سر کلائیو لائیڈ شامل ہیں، جبکہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے بچپن کے کوچ راجکمار شرما عالمی سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
تمام میچز کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 29 نومبر کو شیڈول ہے۔ ٹورنامنٹ کے مقابلے سونی اسپورٹس نیٹ ورک پر براہِ راست نشر کیے جانے کی توقع ہے۔
’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ کو کرکٹ میں ایک نئے تجربے کے طور پر پیش کیا جارہا ہے، جس میں لڑکوں اور لڑکیوں کی انفرادی کارکردگی کو ایک مشترکہ ٹیم اسکور سے جوڑا گیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ منفرد فارمیٹ شائقین کی توجہ حاصل کرنے اور مستقبل میں کرکٹ کے نئے رجحان کے طور پر اپنی جگہ بنانے میں کتنا کامیاب ہوتا ہے۔
