اسلام آباد میں لرنر پرمٹ، لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ کا اجرا صرف آن لائن ہوگا، ٹریفک آفس اور خدمت مراکز سے سہولت بند
اسلام آباد میں لرنر پرمٹ، لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ کا اجرا صرف آن لائن ہوگا، ٹریفک آفس اور خدمت مراکز سے سہولت بند
اسلام آباد: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق خدمات کا طریقۂ کار تبدیل کرتے ہوئے لرنر پرمٹ کے حصول، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور گمشدہ یا خراب لائسنس کے ڈپلیکیٹ کے لیے آن لائن درخواستوں کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ ان خدمات کے لیے ٹریفک ہیڈکوارٹرز فیض آباد اور اسلام آباد پولیس کے خدمت مراکز سے اجرا کی سہولت بند کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ اطلاع کے مطابق شہری اب ان خدمات سے فائدہ اٹھانے کے لیے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن مکمل کرکے متعلقہ سروس کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے شہریوں کو اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ لائسنس مینجمنٹ سسٹم (DLIMS) سے رجوع کرنا ہوگا۔
آن لائن درخواست جمع کرانے کے لیے شہری اس ویب سائٹ پر جا سکتے ہیں:
https://dlims.islamabadpolice.gov.pk/
اعلان کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور گمشدہ یا خراب لائسنس کے ڈپلیکیٹ کی ترسیل ٹی سی ایس کورئیر سروس کے ذریعے شہریوں کے گھروں تک کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے درخواست گزاروں کو اپنی درخواست میں مکمل نام، درست رہائشی پتہ اور فعال موبائل نمبر درج کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ لائسنس کی بروقت اور درست پتے پر ترسیل یقینی بنائی جا سکے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ آن لائن درخواست جمع کراتے وقت فراہم کردہ معلومات کی درستگی کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ کورئیر کے ذریعے لائسنس کی ترسیل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق آن لائن خدمات کا مقصد شہریوں کو گھر بیٹھے سہولت فراہم کرنا اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول اور تجدید کے لیے دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت کم کرنا ہے۔
