اسلام آباد: کشمیر چوک انڈر پاس کی تعمیر، راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک تک سڑک بند، متبادل راستوں کا اعلان
اسلام آباد: کشمیر چوک انڈر پاس کی تعمیر، راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک تک سڑک بند، متبادل راستوں کا اعلان
اسلام آباد: کشمیر چوک انڈر پاس کے باعث راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک تک سڑک 15 اکتوبر 2026 سے اگلے حکم تک مکمل طور پر بند رہے گی۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں کا اعلان کرتے ہوئے 20 سے 25 منٹ اضافی وقت لے کر سفر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جی فائیو، سیکریٹریٹ اور سرینہ ہوٹل سے راولپنڈی جانے والے شہری سری نگر ہائی وے اور نائنتھ ایونیو یا مہرآباد پشاور روڈ استعمال کریں۔ لیک ویو یوٹرن سے واپس ہو کر مری روڈ یا کلب روڈ کا راستہ بھی اختیار کیا جا سکتا ہے۔
راول ڈیم چوک، پارک روڈ اور لہتراڑ روڈ جانے والے شہری سری نگر ہائی وے، سیونتھ ایونیو، شکرپڑیاں روڈ، ٹیولپ ہوٹل اور راول ڈیم روڈ استعمال کریں۔
مری اور بہارہ کہو جانے والے شہری فیض آباد سے فیصل ایونیو، زیرو پوائنٹ، سری نگر ہائی وے انٹرچینج، جناح اسکوائر اور کونڑایاں والا چوک کے راستے اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔
راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہری نائنتھ ایونیو، فقیر ایپی روڈ اور سری نگر ہائی وے استعمال کریں، جبکہ پارک روڈ اور لہتراڑ روڈ سے اسلام آباد آنے والے افراد ٹیولپ ہوٹل روڈ، گارڈن ایونیو، شکرپڑیاں روڈ اور سیونتھ ایونیو کا راستہ اختیار کریں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ڈائیورژن کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں کی رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس کے افسران موجود ہوں گے، جبکہ ٹریفک سے متعلق تازہ ترین معلومات آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 اور اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز پر بھی فراہم کی جائیں گی۔
