موٹر وے پولیس کو ایک بھی ناجائز چالان نہیں کرنے دیں گے، علیم خان کا گڈز ٹرانسپورٹرز سے خطاب
موٹر وے پولیس کو ایک بھی ناجائز چالان نہیں کرنے دیں گے، علیم خان کا گڈز ٹرانسپورٹرز سے خطاب
کراچی: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اعلان کیا ہے کہ موٹروے پولیس کی جانب سے ایک بھی ناجائز چالان نہیں ہونے دیا جائے گا اور حکومت ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کیے گئے تمام وعدے ہر حال میں پورے کرے گی۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی ہے کہ شاہراہوں پر "ویٹ سٹیشنز” کے حوالے سے ٹرانسپورٹرز کی شکایات فوری دور کی جائیں جبکہ موٹروے پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کے لائسنس کے اجرا کے لیے بھی بندوبست کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور موٹروے پولیس کو عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے اہم پالیسیاں تشکیل دی گئی ہیں، جہاں گاڑیوں پر وزن اور سپیڈ کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا اور قوانین کی پابندی کرنے والے کسی ڈرائیور کا چالان نہیں ہو گا۔
اے پی پی کے مطابق کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مذاکرات کی کامیابی پر دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹرویز کو شاہراہوں کا دورہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے اور وہ خود بھی ضرورت پڑنے پر سڑکوں پر کھڑے ہو کر مسائل کا جائز لیں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ وہ ایکسل لوڈ پالیسی کی پاسداری کریں، کیونکہ مقررہ حد سے زیادہ وزن لادنے سے گاڑیوں اور قومی سڑکوں دونوں کا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے انہیں اس کمیٹی کا چیئرمین بنا کر خصوصی ٹاسک دیا تھا، جس میں نو دنوں کے مسلسل اور پرخلوص مذاکرات کے بعد کامیابی حاصل ہوئی۔
وفاقی وزیر کے کیمپ پہنچنے پر گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے انہیں روایتی سندھی اجرک پہنائی جبکہ شرکا نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ ملک شہزاد اعوان نے تمام مطالبات کی منظوری پر حکومت اور وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں اویس چوہدری ایڈووکیٹ، امداد حسین نقوی، چوہدری قمر الزمان گل، اظہر سراج، رؤف خان بالا، ملک شیر خان اور ملک حاجی فرید سمیت اہم شخصیات موجود تھیں۔
