وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈے پر پیغام

چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی: مریم نواز
لاہور، 27 جون 2026 (دوست نیوز) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (MSME) ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد حکومتوں کی توجہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی اہمیت کی جانب مبذول کرانا ہے، کیونکہ یہی شعبہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سرمایہ کاری بڑھانے اور معیشت کو مستحکم بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں اور حکومت ان کاروباری افراد کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت آسان بزنس فنانس اور آسان بزنس کارڈ اسکیموں کے ذریعے ایس ایم ای سیکٹر کی بھرپور معاونت کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ، ہول سیل اور دیگر کاروباری شعبوں میں مثبت سرگرمیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت لائیو اسٹاک، زراعت، دستکاری، گارمنٹس اور دیگر شعبوں میں بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، کیونکہ چھوٹے کاروباروں میں سرمایہ کاری معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ MSME ڈے دراصل جدت، اختراع اور کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ حکومت پنجاب ایسا سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جہاں نوجوان، خواتین اور نئے کاروباری افراد آسانی سے اپنے کاروبار شروع اور ترقی دے سکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کرتے ہیں بلکہ خوشحالی اور معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کرتے ہیں، اسی لیے ایس ایم ایز کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے موجودہ بجٹ میں نئے ٹیکس عائد نہ کرکے ایس ایم ای سیکٹر کو بڑا ریلیف فراہم کیا ہے، جبکہ صوبے میں بہتر امن و امان کی صورتحال کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ حکومت چھوٹی صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضروری وسائل فراہم کر رہی ہے، جبکہ درمیانے درجے کے کاروباروں کی مزید ترقی کے لیے لاجسٹکس سپورٹ، جدید ٹیکنالوجی اور مارکیٹ تک رسائی میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت کاروباری برادری، سرمایہ کاروں اور ایس ایم ای سیکٹر کے ساتھ مل کر ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال معیشت کی تعمیر کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
