صدر زرداری اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی اسلام آباد میں اہم ملاقات

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔23 جون (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری سے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے منگل کو ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و سلامتی، دوطرفہ اور علاقائی روابط، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی صدر کے ہمراہ وفد میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، صدر کے دفتر کے سربراہ محسن حاجی میرزائی، وزیر داخلہ سکندر مومنی، صدر کے دفتر کے سربراہ برائے سیاسی امور سعید عباس موسوی اور پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم بھی موجود تھے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پاکستان کی جانب سے اس ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، چیف وہپ سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم حسین نے شرکت کی۔
صدر آصف علی زرداری نے حالیہ تنازعہ کے بعد پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر آنے والے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر پزشکیان کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور خوشی و غم کے لمحات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔
صدر زرداری نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہونے پر صدر مسعود پزشکیان کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات خطے میں مستقل امن کے قیام کے حوالے سے مثبت نتائج دیں گے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ایران کے صدر سے علاقائی امن پر بات چیت
صدر آصف علی زرداری نے ایران کے امن، استحکام، قومی اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لئے پاکستان کی اصولی حمایت کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا رہا ہے اور علاقائی و عالمی چیلنجز کے پائیدار حل کے لئے مکالمے اور سفارتکاری کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے مسلم اُمہ کے اتحاد کے تحفظ اور خلیجی ممالک کے ساتھ مضبوط برادرانہ تعلقات برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔آبنائے ہرمز سے آئل ٹینکرز کی آمدورفت جاری
صدر آصف علی زرداری نے ایک بار پھر سپریم لیڈر آیت اللہ علی حسینی خامنہ ای کی شہادت پر گہری تعزیت کا اظہار کیا اور بتایا کہ پاکستان ان کی تدفین میں شرکت کرے گا۔
صدر مسعود پزشکیان نے امن اور مکالمے کے فروغ کے لئے پاکستان کی مثبت اور تعمیری کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے حالیہ مشکل حالات میں پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی حمایت کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور علاقائی امور میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
آخر میں صدر آصف علی زرداری نے صدر مسعود پزشکیان سے درخواست کی کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لئے ان کی نیک تمنائیں اور گرمجوش سلام پہنچائیں۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان پہنچ گئے، صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے استقبال کیا
