وزیراعظم شہباز شریف اور سوئس نائب صدر کی امریکہ، ایران مذاکرات پر ملاقات

برگن سٹاک (سوئٹزرلینڈ): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ اِگنازیو کاسِس نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات کے موقع پر ملاقات کی ہے۔
اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق، ملاقات کے دوران سوئس وزیر خارجہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط تک پہنچنے والے مذاکراتی عمل میں پاکستان کے مؤثر ثالثی کردار کو سراہا اور اس عمل کے آئندہ مراحل میں تعاون اور معاونت کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سوئس حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کامیاب عمل درآمد خطے میں پائیدار امن اور عالمی اقتصادی استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان اقتصادی تعلقات
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کی مسلسل سرمایہ کاری کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ سوئس کمپنیاں اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کریں گی۔ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں سوئٹزرلینڈ کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے پاکستان کے اعلیٰ تربیت یافتہ ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون
فریقین نے ادویہ سازی، سیاحت، موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات میں کمی جیسے باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سوئس وزیر خارجہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
یہ ملاقات امریکا اور ایران کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کی ثالثی میں اہم مذاکرات کے تناظر میں ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف نے بھی شرکت کی۔
