مرکزی مواد پر جائیں
☀️ اسلام آباد: 26°C
اتوار، 4 اکتوبر 2026
تازہ ترین
📊 ریٹ
USD/PKR 276.83 EUR/PKR 311.48 GBP/PKR 365.99 سونا/تولہ 429,972 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $84,828 USD/PKR 276.83 EUR/PKR 311.48 GBP/PKR 365.99 سونا/تولہ 429,972 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $84,828
قومی

اسلام آباد: کاروباری برادری کا سی ٹی او کائنات اظہر کا استقبال، سرفراز ورک کو الوداع

📅 منگل، 16 جون 2026 ✍️ Dost news ⏱ 4 منٹ
تصویر
f 𝕏 ✈ شیئر کریں
f 𝕏
✓ لنک کاپی ہو گیا

اسلام آباد۔ اسلام آباد کی کاروباری برادری کی جانب سے سبکدوش ہونے والے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد محمد سرفراز ورک کے اعزاز میں الوداعی تقریب جبکہ نو تعینات سی ٹی او کائنات اظہر خان کے استقبال میں ایک پُروقار عشائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اسلام آباد اور راولپنڈی چیمبرز آف کامرس کی قیادت، مختلف مارکیٹوں کے صدور، کاروباری برادری کے نمائندگان اور سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

عشائیے کی میزبانی سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کی۔ احسن بختاوری نے نو تعینات سی ٹی او کائنات اظہر خان کو خوش آمدید کہا اور محمد سرفراز ورک کی بطور سی ٹی او خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دورِ تعیناتی میں کاروباری برادری کے ساتھ مثالی رابطہ رکھا اور اسلام آباد کے تجارتی مراکز و کاروباری علاقوں میں ٹریفک اور مارکیٹ سے متعلق مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریب میں مختلف مارکیٹوں کے صدور اور نمائندگان کی بھرپور شرکت پولیس انتظامیہ اور کاروباری برادری کے مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔ احسن بختاوری نے امید ظاہر کی کہ کائنات اظہر خان بھی اسی جذبے کے ساتھ تاجروں اور شہریوں کی سہولت کے لیے کام جاری رکھیں گی۔ انہوں نے ڈی آئی جی میر واعظ خان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا جبکہ ایس ایس پی (ر) جمیل ہاشمی کی کاروباری برادری کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

چیئرمین فاؤنڈر گروپ شیخ طارق صادق نے احسن بختاوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری اور پولیس قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر لانا قابلِ تحسین اقدام ہے، ایسے مواقع باہمی تعاون اور افہام و تفہیم کو فروغ دیتے ہیں۔

گروپ لیڈر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سہیل الطاف نے کائنات اظہر خان کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ کاروباری قیادت کو ان سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری قانون کی پاسدار ہے اور شہری نظم و نسق اور عوامی سہولت کے لیے ہر مثبت اقدام کی حمایت کرتی ہے۔

سابق سی ٹی او اسلام آباد محمد سرفراز ورک نے کہا کہ کاروباری برادری قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور پولیس انتظامیہ و تاجروں کے درمیان ہمیشہ مضبوط تعلق قائم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں انہوں نے پوری دیانتداری کے ساتھ تاجروں اور شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بھی کاروباری برادری کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کائنات اظہر خان کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پیشہ ورانہ انداز میں شہر کی خدمت جاری رکھیں گی۔

نو تعینات سی ٹی او کائنات اظہر خان نے پرتپاک استقبال پر منتظمین اور کاروباری برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولت کے لیے انتظامیہ اور شہریوں کے درمیان باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کاروباری برادری ان کی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں بھرپور تعاون کرے گی۔

آخر میں چیئرمین پولیس کمیٹی آئی سی سی آئی سیف الرحمان خان نے تقریب میں شریک تمام مہمانوں، کاروباری رہنماؤں، چیمبر نمائندگان اور پولیس افسران کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کی نظامت یوسف راجپوت، صدر بلیو ایریا ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے کی۔ انہوں نے پولیس اور کاروباری برادری کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

ٹیگز: #اسلام آباد #سی ٹی او #کائنات اظہر خان #کاروباری برادری #محمد سرفراز ورک
SPONSORED — Dost Marketing

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں