اسحاق ڈار اور اطالوی ہم منصب کا علاقائی امن کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد (ایپ)۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ان کے اطالوی ہم منصب انتونیو تاجانی نے خطے، بشمول لبنان، میں پائیدار امن و استحکام کے لیے طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد اور بین الاقوامی کوششوں کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
پیر کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو اطالوی وزیر نے ٹیلی فون کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اطالوی ہم منصب، بشمول وزیراعظم جارجیا میلونی کی جانب سے امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمت میں سہولت فراہم کرنے والی پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہنے پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز کا کھلنا عالمی توانائی کی فراہمی، تجارت اور وسیع تر بین الاقوامی معیشت کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔
پاکستان اور اٹلی کے تعلقات کے مثبت سمت میں آگے بڑھنے کو سراہتے ہوئے، دونوں فریقوں نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزوں کے خاتمے کے معاہدے پر حالیہ دستخط کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
