یومِ تکبیر پاکستان کی خودمختاری، دفاعی قوت اور قومی عزم کی علامت ہے: مسلح افواج

پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت امن، استحکام، علاقائی توازن اور قابلِ اعتماد دفاع کی ضمانت ہے، آرمی، نیوی اور ایئر فورس سربراہان کا قوم کے نام پیغام
راولپنڈی: یومِ تکبیر کی 28ویں سالگرہ کے موقع پر مسلح افواجِ پاکستان نے قوم کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی 1998 پاکستان کی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جب ملک ایک ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے ابھرا اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز ملٹری، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف، نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز ملٹری، تمغہ بسالت، چیف آف دی نیول اسٹاف، اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشانِ امتیاز ملٹری، ہلالِ جرأت، چیف آف دی ایئر اسٹاف نے مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے پاکستانی قوم کو یومِ تکبیر پر مبارک باد پیش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ تکبیر پاکستان کی قومی وحدت، استقامت، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ یہ دن اس تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان نے 28 مئی 1998 کو اپنی دفاعی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے خطے میں طاقت کا توازن قائم کیا۔
مسلح افواج کے سربراہان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ تاریخی کامیابی پاکستان کی بصیرت افروز قیادت، سائنس دانوں اور انجینئرز کی غیر معمولی خدمات، مسلح افواج کی قربانیوں اور پاکستانی عوام کے عزم و حوصلے کا روشن ثبوت ہے۔
پیغام میں کہا گیا کہ پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت ایک مقدس قومی امانت ہے، جو خطے میں امن، استحکام، علاقائی سالمیت اور قابلِ اعتماد دفاعی مزاحمت کی ضمانت ہے۔
مسلح افواجِ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ وطنِ عزیز کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہیں اور ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس تاریخی موقع پر پاکستانی قوم اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی کے ساتھ سر بسجود ہوتے ہوئے اتحاد، بیداری، استقامت اور مضبوط و خوشحال پاکستان کے لیے اپنی وابستگی کی تجدید کرتی ہے۔
پاکستان مسلح افواج زندہ باد
پاکستان ہمیشہ پائندہ باد
