سعودی عرب نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کے ادارے کو 20 لاکھ ڈالر فراہم کر دیئے
مئی 6,(دوست نیوز):سعودی عرب نےفلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کو 20 لاک ڈالر کا چیک پیش کیا ہے، جو خطے میں ایجنسی کے بجٹ، پروگراموں اور آپریشنز کی معاونت کے لیے سعودی عرب کا سالانہ تعاون ہے۔
العربیہ اردو کے مطابق اردن میں خادم حرمین شریفین کے سفیر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان نے گزشتہ روز یو این آر ڈبلیو اےکو یہ رقم پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قیادت کی ہدایات کے مطابق مملکت مسئلہ فلسطین کی حمایت، برادر فلسطینی عوام کی مدد اور یو این آر ڈبلیو اے کے بجٹ کی معاونت کا پختہ عزم رکھتی ہے تاکہ ایجنسی فلسطینی پناہ گزینوں کے حوالے سے اپنی سماجی، انسانی، تعلیمی اور طبی ذمہ داریوں اور وعدوں کو پورا کر سکے،خاص طور پر ان مشکل اور کٹھن حالات میں جن کا انہیں سامنا ہے۔
انہوں نے فلسطینی عوام کو انسانی خدمات کی فراہمی اور ان کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے یو این آر ڈبلیو اے کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔ یو این آر ڈبلیو اے کے قائم مقام کمشنر جنرل کرسچن ساونڈرز نے فلسطینی پناہ گزینوں کی خدمت اور امداد کے لیے یو این آر ڈبلیو اے کو اپنے مختلف پروگراموں پر عمل درآمد کے قابل بنانے میں سعودی عرب کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت کی تعریف کی۔

Leave a Reply