شہداء کے بچوں کے لیے مفت تعلیم، فورسز کے بچوں کے لیے فیس میں 25 فیصد رعایت — دارالقلم سکول بھگوال کی افتتاحی تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقـیوم کا اعلان
دارالقلم سکول بھگوال کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی
چکوال (خصوصی رپورٹ) دارالقلم سکول بھگوال کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقـیوم تھے۔تقریب میں نائب صدر ڈسٹرکٹ بار چکوال معروف قانون دان مائر محمد بشیر، سابق نائب صدر ڈسٹرکٹ بار چکوال معروف قانون دان چوہدری فیصل کہوٹ، سابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار چکوال معروف قانون دان زعفران زلفی اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار چکوال معروف قانون دان فیصل عجائب نے بھی خصوصی شرکت کی۔دارالقلم سکول کی اس شاندار افتتاحی تقریب میں اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب کے لیے ڈپٹی کمشنر چکوال میڈم سارہ حیات اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چکوال بلال بن عبدلحفیظ نے خصوصی طور پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب میں ڈائریکٹر دارالقلم سکول بھگوال قمر عباس نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ ادارہ جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق بچوں کی نہ صرف تعلیم بلکہ بہترین تربیت، اخلاقیات اور کردار سازی پر بھی بھرپور توجہ دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دارالقلم سکول بھگوال بچوں کی مثبت ذہن سازی پر بھی خصوصی توجہ دے رہا ہے۔تقریب میں بچوں، والدین اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس سے اس ادارے کی اہمیت اور عوامی اعتماد کا بھرپور اظہار ہوا۔
مہمانِ خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقـیوم نے اپنے خطاب میں دارالقلم انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج بھگوال میں نئی نسل کے لیے ایک بہترین تعلیمی ادارے کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب بھی انہی بستیوں سے اقتدار کے ایوانوں تک پہنچے ہیں۔ بھگوال میں دارالقلم سکول میرے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب وہ پی او ایف واہ کے چیئرمین تھے تو اسی دور میں کامسیٹس واہ اور واہ میڈیکل کالج کی بنیاد رکھی گئی جو آج تعلیمی میدان میں بڑے نام ہیں۔
امریکہ ایران کشیدگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوششوں سے جلد بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے ڈائریکٹر دارالقلم سکول بھگوال قمر عباس کو خصوصی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔تقریب کا مرکزی سلوگن "پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد” تھا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقـیوم نے اہم اعلان کیا کہ شہداء کے بچوں کے لیے دارالقلم سکول میں تاحیات مکمل فیس معاف ہوگی جبکہ فوجی اہلکاروں کے بچوں کے لیے 25 فیصد فیس میں رعایت دی جائے گی۔دارالقلم سکول بھگوال علم، تربیت اور کردار سازی کا نیا مرکز بن چکا ہے۔نائب صدر ڈسٹرکٹ بار چکوال مائر محمد بشیر نے کہا کہ انسان کو جو علم دیا گیا وہ قلم کے ذریعے دیا گیا، اور جب انہوں نے "دارالقلم” کا نام دیکھا تو خوشی ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید دور میں ہمیں آئی ٹی اور ٹیکنالوجی پر بھی توجہ دینی چاہیے اور تعلیمی اداروں کو کرنٹ افیئرز پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی اسلامی اقدار کو نہیں بھولنا چاہیے اور بچوں کو دینی و دنیاوی تعلیم ساتھ ساتھ دینی چاہیے تاکہ وہ اچھے شہری اور اچھے مسلمان بن سکیں۔
تقریب میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار چکوال ملک فیصل عجائب نے ڈائریکٹر دارالقلم سکول بھگوال قمر عباس کو نئے تعلیمی ادارے کے افتتاح پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر دارالقلم سکول، ملک پاکستان اور افواجِ پاکستان کے حق میں دعا کی گئی اور کیک بھی کاٹا گیا۔
