وزیراعظم نے نئے منظور شدہ نظام کے حوالے سے عملدردآمد پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی’ دوست نیوز):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی (پی تھری اے) اور اس سے متعلقہ نظام کو مزید مربوط بنانے کی اصولی منظوری دیدی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کیلئے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، مشیر وزیراعظم محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی (پی تھری اے) اور اس سے متعلقہ نظام کو مزید مربوط بنانے کی اصولی منظوری دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی تھری اے کی کارکردگی کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کیلئے یہ ادارہ نجکاری ڈویژن کے تحت کام کرے گا۔
وزیر اعظم نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ذریعے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی استعداد میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی جانچنے (کے پی آئیز) کا حصہ بنایا جائے ۔ پی تھری اے کے ذریعے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے نظام کو مزید شفاف اور تیز بنا رہے ہیں۔ اجلاس میں خطے اور عالمی سطح پر مختلف ممالک میں رائج پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈلز کا موازنہ پیش کیا گیا۔
اجلاس کو مجوزہ نئے نظام کے خدوخال پر بھی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ نئے نظام کے تحت پی تھری اے کی نگرانی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور نجکاری ڈویژن کرے گی۔ وزیراعظم نے نئے منظور شدہ نظام کے حوالے سے عملدردآمد پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی۔


