
اسلام آباد۔15اپریل (دوست نیوز):ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ہائوسنگ سیکٹر میں شفافیت، جدت اور تیز رفتار ترقی کو فروغ دیا جا رہا ہے اور یہ منصوبے سرکاری ملازمین سمیت عام شہریوں کے لیے معیاری اور قابل رسائی رہائشی سہولیات کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔
انہوں نے یہ بات سیکٹر جی 10/4 اسلام آباد میں واقع ایف جی ای ایچ اے کے کمیٹی روم میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،جہاں نجی شعبے کے دو معتبر اداروں کے ساتھ ہائوسنگ منصوبوں کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
تقریب میں اعلیٰ حکام، معزز مہمانوں اور میڈیا نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر ایف جی ای ایچ اے اور ایم/ایس سعدات انٹرپرائزز (چکری روڈ راولپنڈی) جبکہ ایم/ایس تعمیر سٹیٹ (انگوری روڈ مری) کے درمیان دو علیحدہ منصوبوں کے لیے ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔حکام کے مطابق منصوبے جوائنٹ وینچر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ رولز 2025 کے تحت اینڈ پروڈکٹ بیسڈ ماڈل پر مکمل کیے جائیں گے۔
مری کے انگوری روڈ پر 196 کنال (قابل توسیع 1000 کنال) اراضی پر مخلوط رہائشی و کمرشل اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے جہاں اتھارٹی بطور فسیلیٹیٹر اور ریگولیٹر کردار ادا کرے گی جبکہ نجی شراکت دار فنانسنگ، ڈیزائننگ اور تعمیر کا ذمہ دار ہوگا۔اسی طرح چکری روڈ راولپنڈی پر مجوزہ رنگ روڈ کے قریب 1400 کنال (قابل توسیع) اراضی پر جدید ہائوسنگ سکیم کی ترقی کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے اس موقع پر جوائنٹ وینچر ٹیم اور بالخصوص ڈائریکٹر جے وی پی فیض عمر سیال کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے نہ صرف رہائشی سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ روزگار کے مواقع، انفراسٹرکچر کی ترقی اور معاشی سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ہائوسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل رہے ہیں اور یہ اقدامات مستقبل میں جدید، محفوظ اور پائیدار شہری ترقی کی بنیاد فراہم کریں گے۔



