گوجرانوالہ میں بی آر آئی ایکسیلینس سنٹر کا افتتاح، چین سمیت 150 سے زائد ممالک سے صنعتی و تجارتی روابط کا نیا باب

گوجرانوالہ میں بی آر آئی ایکسیلینس سنٹر کا افتتاح، چین سمیت 150 سے زائد ممالک سے صنعتی و تجارتی روابط کا نیا باب
گوجرانوالہ: پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی، تعلیمی، تکنیکی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے پہلے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (BRI) ایکسیلینس سنٹر کا گوجرانوالہ میں افتتاح کردیا گیا۔ چین کے قونصل جنرل سن یان نے جی بی اے ٹاور میں منعقدہ تقریب کے دوران سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
ایکسیلینس سنٹر گوجرانوالہ بزنس الائنس، گفٹ یونیورسٹی اور ڈپلومیٹک انسائٹ گروپ کا مشترکہ منصوبہ ہے، جس کا مقصد بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے وژن کو تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ٹیکنالوجی، صنعتی جدت اور ثقافتی تعاون کے عملی مواقع میں تبدیل کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں چیئرمین گوجرانوالہ بزنس الائنس احمد اکرام لون، چیئرمین گفٹ یونیورسٹی محمد انور ڈار، چین کے وائس قونصل وانگ یاقیانگ، قونصلر اتاشی لی یِنِنگ، سینئر وائس چیئرمین GBA عمر محمود، وائس چیئرمین خواجہ شارق کلیم، صدر گوجرانوالہ ویمن چیمبر یاسمین داد، نائب صدر مریم سہیل سمیت صنعت، تجارت، تعلیم اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
ایکسیلینس سنٹر کے ذریعے گوجرانوالہ کے صنعتی، کاروباری اور تعلیمی اداروں کے روابط چین کی بڑی سرکاری و نجی کمپنیوں، حکومتی اداروں، تجارتی تنظیموں، جامعات، ٹیکنالوجی کمپنیوں، ترقیاتی اداروں اور بی آر آئی شراکت دار ممالک کے اداروں کے ساتھ قائم کیے جائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے قونصل جنرل سن یان نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی صرف سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام، کاروباری اداروں، تعلیمی مراکز اور صنعتی شعبوں کے مضبوط روابط پر قائم ہے۔ بی آر آئی ایکسیلینس سنٹر کا قیام دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی اور عوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سن یان نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو مشترکہ ترقی، اقتصادی روابط اور باہمی فائدے پر مبنی بین الاقوامی تعاون کا مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ پاکستان اس اقدام کا دیرینہ اور قابل اعتماد شراکت دار ہے اور چین دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ معیار کے تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
چینی قونصل جنرل نے کہا کہ گوجرانوالہ پاکستان کا ایک اہم صنعتی شہر ہے اور BRI ایکسیلینس سنٹر یہاں کے صنعت کاروں، کاروباری اداروں، طلبہ، محققین اور نوجوانوں کو چین کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے سنٹر کے قیام پر گوجرانوالہ بزنس الائنس، گفٹ یونیورسٹی اور ڈپلومیٹک انسائٹ گروپ کی کاوشوں کو سراہا۔

چیئرمین گوجرانوالہ بزنس الائنس احمد اکرام لون نے کہا کہ پاکستان کا پہلا BRI ایکسیلینس سنٹر گوجرانوالہ کو چین اور 150 سے زائد BRI شراکت دار ممالک سے جوڑنے کے لیے ایک اہم گیٹ وے ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ بے پناہ صنعتی صلاحیت، کاروباری قوت اور برآمدی استعداد کا حامل شہر ہے اور اس مرکز کے ذریعے مقامی صنعتوں کو چین کی بڑی سرکاری و نجی کمپنیوں، ٹیکنالوجی اداروں، تجارتی تنظیموں، جامعات اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ براہ راست منسلک کیا جائے گا۔
احمد اکرام لون نے کہا کہ چینی مشینری، صنعتی پرزہ جات، خام مال، پیداواری نظام، سپلائی چین اور ٹیکنالوجی پہلے ہی گوجرانوالہ کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ BRI ایکسیلینس سنٹر ٹیکنالوجی کی منتقلی، اسمارٹ مینوفیکچرنگ، مشترکہ منصوبوں، برآمدی شراکت داری اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے ذریعے اس تعلق کو مزید مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ بزنس الائنس شہر کو صرف ایک بڑے پیداواری مرکز کے بجائے عالمی سطح پر منسلک صنعتی طاقت بنانے کے لیے کام کر رہا ہے اور BRI ایکسیلینس سنٹر اس سلسلے میں ایک تاریخی سنگ میل ہے۔
چیئرمین گفٹ یونیورسٹی محمد انور ڈار نے کہا کہ BRI ایکسیلینس سنٹر صنعت، جامعات اور سفارتی اداروں کے درمیان تعاون کا ایک مؤثر ماڈل پیش کرتا ہے۔ جامعات کو تعلیم تک محدود رہنے کے بجائے صنعتی، اقتصادی اور سماجی ترقی میں بھی قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز کے ذریعے طلبہ، اساتذہ، محققین اور نوجوان کاروباری افراد کو چینی علم، ثقافت، ٹیکنالوجی، تحقیقی شراکت داری اور بین الاقوامی مواقع تک رسائی حاصل ہوگی۔ گفٹ یونیورسٹی نوجوانوں کو مستقبل کی مہارتوں سے آراستہ کرنے اور صنعت کی عملی ضروریات سے منسلک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
محمد انور ڈار نے کہا کہ BRI ایکسیلینس سنٹر تعلیمی تعاون کے ساتھ تحقیق، جدت، انٹرپرینیورشپ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے بھی ایک مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
تقریب میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ بزنس الائنس، گفٹ یونیورسٹی اور ڈپلومیٹک انسائٹ گروپ کی شراکت داری کے تحت مختلف ممالک کے ساتھ 9 بین الاقوامی گروتھ ونڈوز، اے آئی ایکسیلینس سنٹر، گوجرانوالہ ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، پاکستان پروڈکٹس ہاؤس اور تجارت، ٹیکنالوجی، انٹرپرینیورشپ اور بین الاقوامی تعاون کے متعدد پلیٹ فارمز قائم کیے جا چکے ہیں۔
شرکا نے پاکستان کے پہلے BRI ایکسیلینس سنٹر کے قیام کو گوجرانوالہ میں صنعتی جدت، نوجوانوں کی ترقی، خواتین کی معاشی خودمختاری، ٹیکنالوجی اور عالمی تجارت کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا اور احمد اکرام لون اور محمد انور ڈار کی قیادت اور مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔
