image

محمد خالد ا سلام آباد۔14 اپریل: صدر مملکت آصف علی زرداری نے خوشیوں اور مسرتوں سے بھرپور تہوار بیساکھی کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی سکھ اور ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

ایوانِ صدر سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ بیساکھی نہ صرف ایک مذہبی تہوار ہے بلکہ یہ خوشحالی، محنت اور امید کی علامت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن کسانوں کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس موقع پر وہ اپنی محنت کا صلہ حاصل کرتے ہیں اور نئی امیدوں کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ بیساکھی ہمیں شکرگزاری، اتحاد، برداشت اور انسانیت کی خدمت جیسے اعلیٰ اقدار کو اپنانے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مختلف مذاہب کے ماننے والے اس تہوار کو باہمی احترام اور رواداری کے ساتھ مناتے ہیں، جو ملک میں موجود ہم آہنگی اور بھائی چارے کی خوبصورت مثال ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محمد علی جناح کے وژن کے مطابق پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں ہر شہری کو بلا امتیاز مذہب، رنگ یا نسل مکمل آزادی اور برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ آئینِ پاکستان بھی تمام شہریوں کو مساوی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت سکھ اور ہندو یاتریوں کی سہولت کے لیے مختلف اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، جن میں مذہبی مقامات کی دیکھ بھال، سکیورٹی اور دیگر سہولیات کی فراہمی شامل ہے تاکہ وہ اپنے مذہبی فرائض سکون اور تحفظ کے ساتھ ادا کر سکیں۔

انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ہر شہری کی جان، مال اور عزت کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔

آخر میں صدر مملکت نے پاکستان اور دنیا بھر میں امن، ترقی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے دعا کی اور امید ظاہر کی کہ بیساکھی کا یہ تہوار سب کے لیے خوشیوں اور کامیابیوں کا پیغام لے کر آئے گا۔