محسن نقوی اور ایرانی ہم منصب کی ملاقات، پاک ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر اسکندر مومنی کے درمیان اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک ایران تعلقات اور حال ہی میں طے پانے والے امن معاہدے کے بعد خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈاکٹر اسکندر مومنی نے ایرانی صدر اور ان کے وفد کے پاکستان آمد پر پرتپاک خیر مقدم پر اظہار تشکر کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے خطے میں کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ امن معاہدے کے مثبت اور دوررس نتائج سامنے آئیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برگن سٹاک، سوئٹزرلینڈ میں طے پانے والے مشترکہ اعلامیہ پر ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ایران کی حکومت اور خاص طور پر آپ کی مخلصانہ کوششوں کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے دنیا بھر میں امن اور استحکام کا خواہاں رہا ہے اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ملاقات کے دوران سکیورٹی تعاون، انسداد دہشتگردی، سائبر سکیورٹی، امیگریشن اور دیگر مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ایرانی وزیر داخلہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کے مخلصانہ کردار اور پاکستانی قوم کے بھرپور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جلد ہی پاکستان کا ایک تفصیلی دورہ کریں گے جس کا مقصد دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان موجودہ تعاون کو مزید آگے بڑھانا ہو گا۔
اس اہم ملاقات کے موقع پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اور ڈی جی این سی سی آئی اے بھی موجود تھے۔
