لاہور ،عازمین حج کی واپسی کا مرحلہ شروع ،سعودی ایئر کی پہلی پرواز 345 عازمین کو لے کر لاہور پہنچ گئی
لاہور۔1جون (دوست نیوز):عازمین حج کی واپسی کا آپریشن پیر کے روز سے شروع ہوگیا ، سعودی ایئر لائن کی پہلی پرواز پیر کے روز پاکستانی345 عازمین کو لے کر پہلی پرواز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور پہنچ گئی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق سعودی ایئر لائن کی پرواز SV-5734 345 عازمین کو لے کر لاہور پہنچی، جو اس سال کے حج آپریشن کے واپسی کے مرحلے کا آغاز ہے۔ائیرپورٹ پر وزیر صحت پنجاب اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے چیئرمین خواجہ سلمان رفیق نے حاجیوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب میں واپس آنے والے حجاج کا پھولوں کے ہار اور گلدستے پیش کر کےاستقبال کیا گیا۔
ائیرپورٹ منیجر لاہور سمیت دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔زائرین سے بات کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ان کے استقبال کے لیے آئے ہیں۔
انہوں نے عازمین حج کو حج کی مبارکباد دی اور ان کی عبادات کی قبولیت کی دعا کی۔عازمین حج نے حج کے دوران کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان اور پنجاب کی حکومتوں کی جانب سے ان کے حج کو آسان بنانے اور ان کے آرام کو یقینی بنانے کی کوششوں کو سراہا۔
ایئرپورٹ پر خصوصی انتظامات بشمول مخصوص امیگریشن کاونٹرز اور سامان ہینڈلنگ کی سہولیات، واپس آنے والے عازمین کی آمد کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے تھے، جبکہ اہلکار مسافروں کی مدد اور آپریشنل معاملات کی نگرانی کے لیے موجود رہے۔
شیڈول کے مطابق حج آپریشن 30 جون تک جاری رہے گا، آپریشن کے دوران حجاج کرام کو سرکاری، نجی اور سعودی ایئر لائن کی پروازوں کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔ توقع ہے کہ کل 471 پروازیں سعودی عرب سے ہزاروں پاکستانی عازمین کو ملک بھر کے مختلف شہروں میں واپس لائیں گی
