گوجرانوالہ پولیس کا انسانیت کی خدمت کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ، افسران اور اہلکاروں نے خون کے عطیات دیے

گوجرانوالہ پولیس کا انسانیت کی خدمت کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ، افسران اور اہلکاروں نے خون کے عطیات دیے
گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ) سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی خصوصی ہدایت پر اشرف مارتھ شہید پولیس لائنز میں گوجرانوالہ پولیس کے زیرِ اہتمام سندس فاؤنڈیشن کے تعاون سے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس افسران، جوانوں اور لیڈی پولیس اہلکاروں نے بھرپور جذبۂ انسانیت کے ساتھ خون کے عطیات دیے۔

بلڈ ڈونیشن کیمپ کا مقصد تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا بچوں کے لیے خون کے عطیات جمع کرنا اور انہیں بروقت خون کی فراہمی یقینی بنانا تھا، تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔
اس موقع پر گوجرانوالہ پولیس کے افسران اور جوانوں نے بڑی تعداد میں خون عطیہ کرکے انسان دوستی کی شاندار مثال قائم کی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ خون کا عطیہ چند منٹ کا عمل ہے، لیکن یہی چند منٹ کسی مریض، خصوصاً معصوم بچے، کے لیے زندگی کی نئی امید بن سکتے ہیں۔

سندس فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی سرفراز احمد نے گوجرانوالہ پولیس، بالخصوص سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر سردار غیاث گل خان اور دعوتِ اسلامی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی اقدامات سے سندس فاؤنڈیشن کے زیرِ علاج ہزاروں مریضوں کے لیے خون کی فراہمی میں مدد ملتی ہے اور ان کی قیمتی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا ہوتا ہے۔
گوجرانوالہ پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ پولیس صرف امن و امان کی محافظ ہی نہیں بلکہ مشکل وقت میں انسانیت کی خدمت اور دکھی انسانوں کی مدد کے لیے بھی ہمیشہ پیش پیش ہے۔
فوٹو کیپشن
گوجرانوالہ: اشرف مارتھ شہید پولیس لائنز میں گوجرانوالہ پولیس کے زیرِ اہتمام سندس فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقدہ بلڈ ڈونیشن کیمپ میں آمد پر سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کو حاجی سرفراز احمد و دیگر پھولوں کا گلدستہ پیش کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب سی پی او خون کے عطیات دینے والے پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔
