پریزیڈنٹ کپ سے عالمی تائیکوانڈو کمیونٹی کا پاکستان پر اعتماد مزید مضبوط ہوا: کرنل (ر) وسیم جنجوعہ

پریزیڈنٹ کپ سے عالمی تائیکوانڈو کمیونٹی کا پاکستان پر اعتماد مزید مضبوط ہوا: کرنل (ر) وسیم جنجوعہ
لاہور: پاکستان تائیکوانڈو یونین کے چیئرمین کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ نے کہا ہے کہ آٹھواں ٹریٹ ورلڈ تائیکوانڈو پریزیڈنٹ کپ ایشین ریجن پاکستان کے لیے ایک تاریخی ایونٹ ثابت ہوا ہے، جس میں 38 ممالک کے 869 سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی معیار کے تائیکوانڈو مقابلوں کی میزبانی کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پریزیڈنٹ کپ کے انعقاد سے عالمی تائیکوانڈو کمیونٹی کا پاکستان پر اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کے مقابلوں میں شرکت کے ذریعے قیمتی تجربہ حاصل ہوا، جبکہ ایونٹ نے پاکستان کا مثبت تشخص بھی دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔
کرنل (ر) وسیم جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان میں تائیکوانڈو کے فروغ اور زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ اس مقصد کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا تعاون انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایشین تائیکوانڈو یونین پاکستان میں کھیل کے فروغ اور بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے لیے بھرپور تعاون کر رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ عالمی سطح کے تائیکوانڈو مقابلوں کا انعقاد ہو تاکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع مل سکیں۔
چیئرمین پاکستان تائیکوانڈو یونین نے اسپانسرز اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایونٹ کے انعقاد اور تائیکوانڈو کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کیا۔
