ڈیجیٹل ادائیگیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، 92 فیصد خوردہ لین دین آن لائن ہوا
: کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی یعنی اکتوبر تا دسمبر 2025 کے دوران ملک میں 92 فیصد خوردہ لین دین ڈیجیٹل ذرائع سے انجام پایا، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 88 فیصد تھا۔مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ ادائیگی کے نظام کی رپورٹ کے مطابق اس مدت میں کل 3.4 ارب خوردہ لین دین ہوئے جن کی مجموعی مالیت 167 کھرب روپے رہی۔ ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے 3.1 ارب لین دین ہوئے جن کی مالیت 64 کھرب روپے رہی۔موبائل ایپ کے ذریعے ادائیگیاں سب سے آگے رہیں اور تمام ڈیجیٹل لین دین میں ان کا حصہ 83 فیصد رہا۔ راست انسٹنٹ پیمنٹ سسٹم نے 64 کروڑ 57 لاکھ لین دین پروسیس کیے جن کی مالیت 18.5 کھرب روپے رہی۔ ملک بھر میں 20 ہزار 976 اے ٹی ایم مشینوں نے 27 کروڑ 70 لاکھ لین دین میں سہولت فراہم کی جبکہ 7 لاکھ 63 ہزار سے زائد بینکنگ ایجنٹس نے بھی عوام کو خدمات فراہم کیں۔
