عید الفطر کی شب کراچی میں آتشبازی کی گولیوں سے تین بچوں سمیت سات افراد زخمی
کراچی میں عید الفطر کی رات فضائی فائرنگ کے نتیجے میں نکلنے والی آوارہ گولیوں سے تین بچوں سمیت سات افراد زخمی ہو گئے۔ کراچی پولیس میڈیا سیل کے مطابق زخمیوں میں تین بچے، تین مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ آٹھ سالہ بچہ داؤد چورنگی کے قریب گولی لگنے سے زخمی ہوا جسے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا۔ نو سالہ بچی جنجال گوٹھ میں زخمی ہوئی جبکہ لیاری کے شاہ باغ لین میں تیرہ سالہ بچہ گولی کا نشانہ بنا۔ شاہ لطیف داؤد چالی، اسلامیہ کالونی اور نیو میانوالی کالونی میں بھی الگ الگ واقعات پیش آئے، جن میں ایک خاتون بھی زخمی ہوئی۔ زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال، جناح ہسپتال اور سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق تمام واقعات کی تحقیقات جاری ہیں۔ خیال رہے کہ عید، یومِ آزادی اور نئے سال کی تقریبات پر فضائی فائرنگ کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔
