خلائی تحقیق میں معالج خلابازوں کا کردار ناگزیر، نئی تحقیق میں اہم انکشافات

کینیڈین معالج اور خلائی طب کے ماہر ڈاکٹر فرحان اسرار کی نئی تحقیق نے یہ ثابت کیا ہے کہ طبی ڈاکٹر خلائی مہمات میں انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ جرنل آف رائل سوسائٹی آف میڈیسن میں شائع اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چھ دہائیوں میں درجنوں معالجین نے خلاباز کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں اور کئی عالمی ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں۔ تحقیق کے مطابق امریکہ، کینیڈا اور روس میں سب سے طویل خلائی پرواز کے ریکارڈ معالج خلابازوں کے پاس ہیں۔ ڈاکٹر اسرار نے کہا کہ معالجین دباؤ میں بہتر فیصلہ کرنے، سائنسی سوچ اور غیر یقینی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جو خلائی مہمات کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے پاکستان سمیت تمام ممالک کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے خلاباز انتخاب کے عمل میں معالجین کو بھی شامل کریں تاکہ خلائی تحقیق سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔