اپر چترال میں ٹرافی شکاری کے ہاتھوں غلطی سے نوعمر آئبیکس ہلاک

چترال: اپر چترال کے علاقے بارپ میں ہمالیائی آئبیکس کی ٹرافی ہنٹنگ کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ایک غیر مقامی شکاری کی گولی بڑے آئبیکس کی بجائے تین سالہ نوعمر آئبیکس کو جا لگی اور وہ ہلاک ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک دوسرے ضلع سے آئے شکاری نے مقامی افراد کی مدد سے بھاری سینگوں والے ایک بڑے آئبیکس کو شکار کے لیے منتخب کیا تھا، تاہم ہتھیار میں خرابی کے باعث گولی کا رخ بدل گیا اور نوعمر آئبیکس ہلاک ہو گیا۔ ناکامی سے دل شکستہ شکاری واپس چلا گیا۔

واقعے کے بعد وادی کنزرویشن کمیٹی تھورجل بارپ کا ہنگامی اجلاس صدر سلطان زرین کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں متفقہ قرارداد منظور کی گئی کہ یہ واقعہ سراسر انسانی غلطی ہے، کوئی ارادی کوشش نہیں تھی۔ ڈویژنل فاریسٹ افسر فاروق نبی نے بھی ویڈیو شواہد کی روشنی میں اسے انسانی غلطی قرار دیا۔