چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہفتہ کے روز کرم، خیبر پختونخوا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے افواج کے افسران اور جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور ملک کی خوشحالی و استحکام کے لیے دعا مانگی۔ اس موقع پر انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد پناہ گاہوں سے پاکستان کی سیکیورٹی کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے آپریشن غضب للحق کے دوران افواج کی بہادری اور کامیابیوں کو سراہا اور شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔